لاہور پریس کلب کے باہر دن دیہاڑے صحافی کا قتل، حملہ آوروں کا فرار حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان

اداریہ: بروز بدھ 26 جنوری 2022

کیپٹل ٹی وی لاہورکے کرائم رپورٹر سینئر صحافی سید حسنین شاہ کو بروز سوموار 24 جنوری کو دن دیہاڑے لاہور پریس کلب کے باہر فائرنگ کر کے موت کی نیند سلا دیا گیا صحافی حسنین شاہ کیپٹل ٹی وی کے دفتر سے اپنی کار میں پریس کلب لاہور جا رہے تھے کہ پریس کلب کے باہر دو نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے اند ھا دھند فائرنگ کر کے اُنہیں موت کے گھاٹ اُتار دیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔
لاہور پریس کلب کے باہر کیپٹل ٹی وی کے کرائم رپورٹر صحافی حسنین شاہ کا بیہمانہ قتل اندوہناک واقعہ ہے جسکی جتنی مذمت کی جا ئے کم ہے صوبائی دارالحکومت لاہور کے گنجان آباد علاقہ میں دن دیہاڑے صحافی کا قتل اور ملزمان کا جائے وقوعہ سے فرار ہو جانا حکومتی کارگردگی اور صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے،

ہم پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں سینئر صحافی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ملک میں ہر گزرتے دن کے ساتھ صحافیوں کی مشکلات میں برابر اضاٖفہ ہو رہا ہے جسکے باعث اُن کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی انتہائی کٹھن ہو گئی ہے

ہم ان کا لموں کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کیپٹل ٹی وی لاہور کے کرائم رپورٹرحسنین شاہ کے مبینہ قاتلوں کی گرفتاری کو لاہورپولیس کے لئے ٹیسٹ کیس قرار دیں تاکہ جلد از جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے ہم حسنین شاہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعاگوہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔(آمین)