کراچی میں دن دھاڑے سینئر صحافی کا قتل
اداریہ: اتوار 20 فروری 2022
کراچی کے علاقہ نارتھ ناظم آباد میں بروز ہفتہ 19فروری کو دن دھاڑے سماء ٹی وی کے سنیئر پروڈ یوسر اطہر متین کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تفصیلات کے مطابق اطہر متین وطن عزیز کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ان دنوں جاری لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقہ میں نامعلوم ڈاکو ایک شہری کو لوٹ رہے تھے جس پر سینئر صحافی اطہر متین نے اپنی کار ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل سے ٹکرا دی ڈاکووں نے مشتعل ہو کر اُن پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جسکے نتیجہ میں ان کی موت واقع ہو گئی مسلح ڈاکو واردات کے ارتکاب کے بعد گن پوائنٹ پر ایک اور شہر ی کا موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔
صوبہ سند ھ میں گزشتہ برس اور سال رواں میں بھی صحافیوں کے قتل کے واقعات رونما ہو ئے ہیں جن میں سے بیشتر وارداتوں میں سندھ کے وڈیرے ملوث ہیں صحافی عزیز میمن کا قتل اسکی جیتی جاگتی مثال ہے یہ حقیقت ہے کہ اپوزیشن میں سیاسی قائدین کو آزادی صحافت اچھی لگتی ہے لیکن جب وہ بر سراقتدار آتے ہیں تو سب سے پہلے میڈیا کا گلا گھونٹتے کی کوشش کرتے ہیں تما م سیاسی جماعتیں اس حمام میں ننگی ہیں۔
ہم ان کالموں کے ذریعے ارباب اختیار سے گزارش کریں گے کہ وہ کراچی میں دن دھاڑے سینئر صحافی اطہر متین کے قاتلوں کو گرفتار کر کے اُنہیں قرار واقعی سزادلائیں اور مقتول کے ورثاء کی سندھ حکومت فی ا لفور مالی معاونت کرے نیز2000 سے لیکر اب تک پاکستان کے طول عرض میں جتنے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران موت کی نیند سلا دیا گیا انکے ورثا ء کو بلا تاخیرمعاوضہ ادا کیا جائے نیزصحافیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔