ملک بھر میں کھاد کی قلت اور بلیک میں فروخت، وزیر اعظم عمران خان کی ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت
اداریہ: جمعتہ المبارک4 جنوری 2022
پاکستان بالخصوص جنوبی پنجاب میں کھاد کی قلت اور اسکی بلیک میں فروخت کے خلاف کا شتکار سراپا احتجاج بنے ہو ئے ہیں اگلے روز اوچشریف کے الشمس چوک پر کسانوں نے کھاد کے نایاب ہونے اور کھاد مافیا کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
یہ امر خوش آئندہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ سے پیوستہ روز اجلاس طلب کیا جس میں ملک بھر میں کھاد کی طلب اوررسدکاجائز ہ لیا گیا اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتہ ملک بھر میں 19 ہزار میٹرک ٹن کھاد فی دن کے حوالے سے چلت کی گئی۔اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ پنجاب خیبر پختو نخواہ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے یوریا کے 92845 تھیلے ضبط کئے۔
اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اشیاء ضروریہ کی کو ئی کمی نہیں ہے اُنہوں نے خبر دارکیاکے کھاد کی ذخیرہ اندوزی ربیع سیزن کے لیے فصل کی پیدوار کو متاثر کر سکتی ہے وزیر اعظم نے کھاد کسانوں کو مناسب فراہمی کے لیے انتظامی اقدامات کرنے اور یوریا کی قلت سے متعلق افواہوں کو خاتمے کیلئے آ گاہی مہم چلائے کے بھی احکامات جاری کئے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ پنجاب بھر میں انتظامیہ کھاد بلیک میں فروخت کرنے والے ڈیلروں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرے گی احمد پور شرقیہ کے اسسٹنٹ کمشنر ملک ظہور احمد اعوان اچھی شہرت کے حامل آفیسرہیں اُنہیں بھی چاہیے کہ وہ تحصیل بھر میں کھاد کی قلت سے متعلق کاشت کاروں کی شکایات کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ کسان کھاد کے حصول کے لیے احتجاج وٖغیرہ کا سلسلہ بند کردیں۔