کچہری روڈ احمد پور شرقیہ کی حالت زار، میاں گزین عباسی ضلعی و مقامی انتظامیہ کی توجہ کی منتظر

اداریہ: جمعرات 13جنوری2022

سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے 2008 میں ہونے والے انتخا بات میں قائم ہونے والی پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں چوک چاچا بستی تا چوک منیر شہید نئی کارپٹ سڑک تعمیر کرائی تھی لیکن شہر احمد پور شرقیہ میں سیوریج کے سلگتے ہوئے مسئلہ کو ختم کرنے کے لیے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی صاحبزادہ میاں گزین عباسی نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے بیس کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کرائی اس گرانٹ میں سے چوک چا چا بستی تا چوک منیرشہید سیوریج لائن بچھانے کے لیے کچہری روڈ کو اکھاڑنا پڑا۔

پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے تحصیل جنرل سیکرٹری ساجد سراج جلوانہ ایڈووکیٹ کی قیادت میں اس سڑک کی تعمیر میں کرپشن کے الزامات لگائے مگر ان کی شکایات نامعلوم وجوہات کی بنا پر سنی ان سنی کر دی گئی ٹھیکیدار کو سیوریج پائپ لائن بچھائے کئی ماہ گزار گئے مگر کچہری روڈ کی نئی تعمیر تو درکنا ر جگہ جگہ بڑے گڑھوں کوبھی نہیں بھرا گیا جسکی شہریوں کو آمدو رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے مقامی عدلیہ،انتظامیہ اور پولیس کے افسران کی رہائش گاہوں اور دفاتر آنے جانے کے لیے بھی یہی سڑک استعمال ہوتی ہے مگر کیا مجال کسی نے اسکانوٹس لیا ہو۔

ہم ان کالموں کے ذریعے پنجاب اسمبلی کے رکن صاحبزداہ محمد گزین عباسی ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ ملک ظہور احمد اعوان سے گزارش کریں گے کہ وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار کچہری روڈ کی تعمیر و مرمت کے لیے اقدامات بروئے کار لائیں کیونکہ سڑک پر حادثات آئے روز کامعمول بن گئے ہیں اور شہریوں کو عدالتوں و سرکاری دفاتر اوربینکوں میں آمد ورفت کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔