پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی سکروٹنی میں بے قاعدگیوں کا انکشاف، تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی چھان بین کی جائے
اداریہ: بروز جمعرات 6 جنوری 2021
پاکستان تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میڈیا کی زینت بن چکی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی نے اپنے 53اکاؤنٹس اور 31کروڑ روپے چھپا ئے،الیکشن کمیشن کی حکمران جماعت کے خلاف یہ ایک بڑی چارج شیٹ ہے فارن فنڈنگ کے حوالے سے عرصہ دراز سے پی ٹی آئی کی مخالف سیاسی جماعتیں اس کی قیادت پر الزامات لگا تی رہی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے منحرف رہنماء ایس اکبر بابر نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن میں درخواست بھی دی رکھی تھی جس پر الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان جن کی دیانت داری اور ایمانداری پر ہمیں تو کوئی شائبہ نہیں لیکن اب الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے ان کی جماعت پر سوالات اُٹھا دئیے ہیں جسکا جواب دینا اور قوم کومطمئن کر نا اشد ضروری ہے۔
ہم ان کالموں کے ذریعے چیف الیکشن کمشنرسے گزارش کر یں گے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت تما م جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی از خود چھان بین کرے تاکہ پاکستان کی قیادت کے دعویداروں کا کچا چٹھا سب کے سامنے آسکے تمام بڑی اور چھوٹی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی پڑتال کے بعد الیکشن کمیشن کو ان جماعتوں کے مستقبل کا فیصلہ کر نا ہو گا کہ آیا اکاؤ نٹس میں ہیر پھیر اور بے قاعدگیوں و بے ضا بطگیوں کی مرتکب سیاسی جماعتوں پر جرمانے عائد کرکے اُنہیں معاف کر دیا جا تا ہے یا اُنہیں نا اہل قرار دیا جاتا ہے۔