بلدیہ احمد پور شرقیہ کے عوامی دور میں سوا گیارہ کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیمیں، سابق چیئر مین بلدیہ ملک عثمان رشید بوبک اور ان کے ساتھی مبارک باد کے مستحق

اداریہ: بروز بدھ5 جنوری 2022

نواز شریف حکومت کے دور میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ملک عثمان رشید بو بک چیئر مین میو نسپل کمیٹی احمدپور شرقیہ منتخب ہو ئے تھے، اُنہوں نے اڑھائی سال تک چیئرمین بلدیہ کے فرائض انجام دیئے گو وہ چار سال کے لیے منتخب ہو ئے تھے مگر تحریک انصاف حکومت نے پنجاب کے تمام بلدیاتی اداروں کوتحلیل کر دیا تھا حال میں ہی سپریم کورٹ نے بلد یاتی اداروں کو بحال کر دیا تھا جو 31دسمبر 2021 کو اپنی چار سالہ مدت کر کے دوبارہ تحلیل ہو گئے
31دسمبر 2021 کو ملازمین بلدیہ نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین ملک عثمان رشید بو بک کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا جس میں چیف افیسررائے محمد ظفر اقبال کے علاوہ ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک عثمان رشید بوبک نے کہاکہ اڑھائی سالہ دور نمائندگی میں حکومت پنجاب کی کی جانب سے ساڑھے چھ کروڑ روپے کی گرانٹ شہر احمد پور شرقیہ کی ترقیاتی سکیموں کے لیے دی گئی تھی جبکہ اُنہوں نے میونسپل کمیٹی کی مختلف مدات میں بچت کر کے سوا گیارہ کروڑ روپے اس عرصہ میں شہر کے مختلف وارڈوں میں ترقیاتی سکیموں پر خرچ کیے
ملک عثمان رشید بوبک اپنے بوبک خاندان کی تیسری نسل ہیں جنہوں نے بلدیہ احمد پور شرقیہ کی چیئرمین کا عہدہ حاصل کیا۔ قبل ازیں انکے دادامحترم ملک اللہ وسایا بوبک مرحوم ایوبی دور حکومت میں بلدیہ احمد پور شرقیہ کے سر براہ جبکہ انکے والد ملک رشید احمدبوبک مرحوم جنرل ضیا الحق اور نواز شریف حکومتوں کے ا دور میں دومرتبہ احمد پور شرقیہ میو نسپل کمیٹی کی چیئرمین شپ کے عہدے کے لیے منتخب ہو ئے تھے۔
ملک عثمان رشید بو بک کے دادا ملک اللہ وسایا بو بک اور والد محترم ملک رشید احمد بوبک مرحوم نے ایمانداری اور فر ض شناسی سے فرائض انجام دیئے بوبک خاندان کی تینوں نسلوں کے سابق چیئر مینوں پر کرپشن کا کو ئی داغ نہیں غالباً اس وجہ سے ملک عثمان رشید بوبک کے سر پر چیئرمین شپ کا تاج سجایا گیا
یہ بات بھی بھی اظہر من الشمس ہے کہ سرکاری افسران کے مقابلہ میں بلدیاتی اداروں کی سر براہی عوامی نمائندوں کے پاس ہونے سے بنیادی شہری مسائل بخوبی حل ہو تے ہیں کیونکہ کونسلروں اور چیئرمین تک عام آدمی کی رسائی ہوتی ہے مگر ان اداروں میں اگر بیورو کریٹ براجمان ہوں تو شہریوں کو اپنے چھوٹے چھو ٹے مسائل کے حل میں بھی مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے چند ایک کے سوا سرکاری افسران کی اکثریت موسم گرما میں اپنے ائیر کنڈیشنز دفاتر اور موسم سرما میں اپنے دفتر میں نصب ہیٹروں سے باہر نکل کر گلی محلوں میں جانا پسند نہیں کر تی جسکے باعث عوامی مسائل کے حل نہ ہونے کی شکایات زبان زد عام رہتی ہیں
اس صورتحال کا بخوبی اندازہ حالیہ چند ماہ کے دوران بلدیہ احمد پور شرقیہ میں دوبارہ عوامی نمائندوں کی موجودگی سے لگایا جا سکتا ہے کہ کس طرح مدینہ مسجد یا غلہ منڈی اور شہر کے دیگر علاقوں میں سال ڈیڑھ سال کھڑے گندے پانی کاچیئرمین بلدیہ ملک عثمان رشید بوبک نے خود موقع پر کھڑے ہو کر نکاس کرایا اگر وہ اس گندے کھڑے پانی کا نکاس کر اسکتے ہیں تو ایڈ منسٹر یٹرکے عہدے پر فائز اسسٹنٹ کمشنر صاحبان کیا کر تے رہے ہیں؟ ہم ان کالموں کے ذریعے عوامی نمائندگی کے فریضہ سے عہدہ برآہ ہونے پر سابق چیئر مین ملک عثمان رشید بو بک کو ہد یہ تبریک پیش کر تے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سپاس گزار ہیں کہ وہ جلد از جلد بلد یاتی اداروں کے انتخابات کرائیں تاکہ منتخب نمائندے شہری ودیہی مسائل کو عوام کی دہلیز پر حل کرسکیں۔