پرنس بہاول خان عباسی کی ضلعی نظامت کیلئے نامزدگی، وزیر اعظم عمران خان کا مستحسن فیصلہ
اداریہ: جمعہ المبارک 4 فروری 2022
وزیر اعظم عمران خان نے امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے جواں سال صاحبزادے ولی عہد پرنس بہاول خان عباسی کو مئی میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بہاولپور کی ضلعی نظامت کے لیے پاکستان تحریک انصاف کا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا، امیر آف بہاولپور کے ولی عہد پرنس بہاول خان عباسی نے 31 جنوری کو بنی گالہ میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں اُنہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا پرنس بہاول خان عباسی کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ شوکت ترین معاون خصوصی وزیر اعظم برائے ماحولیات ملک امین اسلم خان اور وفاقی وزیرصنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار صدر پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب بھی موجود تھے اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے پرنس بہاول خان عباسی کو بہاولپور کی ضلعی نظامت کے لیے اپنی جماعت پاکستان تحریک انصاف کا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا
ہم ان کالموں کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پرنس بہاول خان عباسی کو بہاولپور کی ضلعی نظامت کے لیے پاکستان تحریک انصاف کا اُمیدوار نامزد کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں پرنس بہاول خان عباسی اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہیں جنہوں نے ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور اور بعد ازاں کینیڈ ا اور برطانیہ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے
سابق ریاست بہاولپور کے طول و عرض میں آج بھی لاکھوں باشندے سابق حکمران عباسی خاندان کی دل وجان سے عزت کرتے ہیں کیونکہ آخری تاجدار بہاولپور نواب سر صادق محمد خان عباسی نے اپنے دور حکومت میں ریاستیوں کے ساتھ مہاجرین اور آبادکاروں کے ساتھ جو حسن سلوک رو ر رکھا اس کی انمٹ داستانیں ریاست میں اب بھی موجود ہیں
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے منشور میں بلدیاتی اداروں کو خود مختار بنانے کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ارکان اسمبلی کا کام قانون سازی ہے جبکہ ترقیاتی سکیمیں بلدیاتی اداروں کے ذریعے مکمل کی جائیں گی اپنے اس منشور پر عمل درآمد کرنے کے لیے اب صوبہ پنجاب میں 15مئی سے بلدیاتی انتخابات کا ڈول ڈالا جارہا ہے حکومت کی پالیسی کے تحت پنجاب حکومت کے چالیس فیصد ترقیاتی فنڈز بلدیاتی اداروں کے ذریعے خرچ کیے جائیں گے جس سے یقینا نچلی سطح پر ترقیاتی سکیموں کا جال بچھا دیا جا ے گا اور اضلاع میں ترقی کے ایک نئے دور کاآغاز ہو گا
پرنس بہاول خان عباسی حکمران جماعت کے پہلے اُمیدوار ہیں جنکی نامزدگی کا اعلان وزیر اعظم سے ملاقات کیکیا گیا ہے اس سلسلے میں جو خبر سرکاری طور پر جاری کی گئی اس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں بڑی کامیابی ملی اور اہم ستون توڑ لیا یہ ایک حقیقت کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی کے جانشین نواب صلاح الدین عباسی کے ولی عہد کے طور پر پرنس بہاول خان عباسی ناصرف ضلع بہاولپور بلکہ پورے بہاولپور ڈویژن سے ووٹ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں صادق گڑھ پیلس جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا گھر ہے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پرنس بہاول خان عباسی کی نامزدگی وزیر اعظم عمران خان کامستحسن فیصلہ ہے جس سے تحریک نصاف کو آئندہ منعقد ہونے والے بلدیاتی اور عام انتخابات میں یقینا فائدہ ہو گا۔