چنی گوٹھ (نامہ نگار) سیاسی رسہ کشی ،چنی گوٹھ میں گرلز کالج نہ بن سکا طالبات میٹرک کے بعد طالبات تعلیم کو خیر باد کہنے پر مجبور۔ اس سلسلے میں چنی گوٹھ کے شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ چنی گوٹھ میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے دورہ بلہ جھلن کے دوران گرلز کالج کی منظوری دی تھی اور محکمہ زراعت کے دفتر سے ملحقہ جگہ کا تعین کر کے فزیبلٹی رپورٹ بننے کے بعد فنڈز کی منظوری دی گئی تھی۔ مگر کچھ عرصہ قبل عوامی نمائندوں نے گرلز ڈگری کالج کے لئے جگہ کم ہونے کا بہانہ بنا کر فنڈز دوسرے منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو خط لکھ دیا تھا۔ چنی گوٹھ میں گرلز کالج نہ ہونے کی وجہ سے اکثر طالبات میٹرک کے بعد تعلیم کو خیر باد کہ کر گھر بیٹھ جاتی ہیں اور کچھ طالبات پچیس کلومیٹر کا سفر طے کرکے احمد پور شرقیہ یا لیاقت پور جا کر اپنی تعلیم جاری رکھتی ہیں۔ اس سلسلے میں سیاسی و سماجی رہنما حسن عسکری شیخ نے بھی چھ ایکڑ زمین برلب سڑک کالج کے لئے عطیہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ چنی گوٹھ کے عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چنی گوٹھ میں فوری طور پر گرلز ڈگری کالج کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔