ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ وزیر اعظم شہباز شریف کے پرنسپل سیکرٹری تعینات
ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ 1990ء کے عشرہ میں احمد پور شرقیہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں
ادارہ نوائے احمد پور شرقیہ کا وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری مقرر ہونے پر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کو ہدیہ تہنیت اور نیک خواہشات کا اظہار
اسلام آباد(نامہ نگار) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی تقریب حلف برداری کے انعقاد کے بعد پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس(پی اے ایس )کے اکیسویں گریڈ کے آفیسر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کا تبادلہ کر کے انہیں وزیر اعظم کا پرنسپل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔وہ ان دنوں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تھے۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے انہیں سیکرٹری ہیلتھ مقرر کیا تھا مگر اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ،شہباز شریف کی پنجاب میں وزارت اعلی کے ادوار میں ان کے ڈپٹی سیکرٹری اور پرنسپل سیکرٹری کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔یاد رہے ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کا شمار پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کے تجربہ کار،فرض شناس اور دیانت دار افسران میں ہوتا ہے۔آپ 1990ء کے عشرہ میں احمد پور شرقیہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔تین عشرے گزرنے کے باوجود آج بھی تحصیل احمد پور شرقیہ کے باشندگان ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کو ان کی نیک نامی،غیر جانبداری، ان کے کاموں اور خدمات کے حوالے سے انہیں اچھے لفظوں سے یاد کرتے ہیں۔”ادارہ نوائے احمد پور شرقیہ”ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کو انہیں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کا عہدہ سنبھالنے پر ھدیہ تہنیت پیش کرتا ہے اور مستقبل میں ان کی کامیابیوں اور کامرانیوں کے لئے دعا گو ہے۔