ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عبدالوہاب کی سرکل حاصل پور میں کھلی کچہری
ڈی پی او نے تمام سائلین کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری قانونی کارروائی اور بروقت واپسی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے
حاصل پور : ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عبدالوہاب کی جانب سے شہریوں کے مسائل کے فوری اور میرٹ پر حل کے لیے سرکل حاصل پور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا کھلی کچہری میں متعدد شہریوں نے شرکت کر کے اپنے مسائل براہِ راست ڈی پی او بہاولپور کے سامنے پیش کیے
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلی پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے ویژن اور احکامات کی روشنی میں ڈی پی او بہاولپور نے ایس ڈی پی او آفس سرکل حاصل پور، سٹی و صد رحاصل پور میں کھلی کچہری لگائیں۔منعقدہ کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے تمام سائلین کے مسائل فرداً فرداً تفصیل سے سنے اور متعلقہ افسران کو فوری قانونی کارروائی اور بروقت واپسی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ متعدد ایس ایچ اوز سے موقع پربراہِ راست جواب طلبی بھی کی گئی۔
ڈی پی او بہاولپور نے مختلف درخواستوں پر انکوائریوں کے احکامات جاری کرتے ہوئے ریکوری کے مقدمات میں متعلقہ تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ ایک ہفتے کے اندر ریکوری مکمل کر کے مالِ مسروقہ مدعیان کے حوالے کیا جائے اور اس ضمن میں رپورٹ پیش کی جائے۔ اس موقعہ پر ڈی پی او نےمحمد بلال صفدر نامی سٹوڈنٹ جس کا اڑھائی سال قبل موٹر سائیکل چوری ہوگیا تھا کی درخواست پر طالب علم کو فوری موٹر سائیکل دینے کا حکم دیا انہوں نے واضح کیا کہ غفلت یا تاخیر کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او رانا عبدالوہاب کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد وزیرِ اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور عوام و پولیس کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔شہریوں نے ڈی پی او بہاولپور کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسائل کے فوری حل کے لیے پولیس افسران تک براہِ راست رسائی ایک خوش آئند اور مثبت قدم ہے۔ڈی پی او نے پولیس ڈرائیونگ سکول تھانہ سٹی و تھانہ صدر تھانہ قائم پور کی انسپکشن بھی کی اور زیر تعمیر تھانے کا وزٹ بھی کیا

