کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس
آئندہ آنے والے مذہبی ایام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی انتظامات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا
اجلاس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں محمد عثمان اویسی، ریجنل پولیس آفیسر غازی صلاح الدین، ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عبدالوہاب شریک ہوئے
بہاول پور:کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ آنے والے مذہبی ایام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی انتظامات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں محمد عثمان اویسی، ریجنل پولیس آفیسر غازی صلاح الدین، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عبدالوہاب شریک ہوئے، جبکہ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔
اجلاس میں احسان اللہ راحت، حافظ راؤ خرم سلیم، علامہ عبدالرزاق شائق، کرنل (ر) ڈاکٹر سید شفیق احمد، ملک اللہ بخش کلیار، سید مجیب روشن گیلانی، علامہ ریاض احمد اویسی اور مفتی اقبال احمد نقشبندی سمیت امن کمیٹی کے دیگر اراکین اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے تمام مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چلیں گے تاکہ بہاولپور ڈویژن میں بھائی چارے، مذہبی رواداری اور باہمی احترام کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے بہاولپور ڈویژن کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ریجنل پولیس آفیسر غازی صلاح الدین نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور مذہبی ایام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ مقامی علمائے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین سے مسلسل رابطے میں رہیں، کسی بھی افواہ یا انتشار پھیلانے کی کوشش کو فوری طور پر ناکام بنایا جائے اور باہمی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

