یوم شہادتِ حضرت علیؓ کے موقع پر جلوس و مجالس مقامات کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید محمد عباس شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر سمیرا ربانی, صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ محمد یونس, مخدوم سید امجد بخاری اور دیگر ممبران ضلعی امن کمیٹی کی شرکت
بہاول پور:11/ اپریل ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید محمد عباس شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر سمیرا ربانی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی فضل الرحمن، صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ محمد یونس، محمد عبدالرزاق شائق، فقیر حبیب الرحمن اختر، مفتی جاوید مصطفی سعیدی، کرنل (ر) ڈاکٹرسید شفیق احمد، ریاض حسین شاہ، مخدوم سید امجد بخاری، صادق جعفری ایڈووکیٹ، احسان اللہ راحت، کامران گیلانی، محمداکبر آفتاب، علی نقی ہاشمی، دیگر ممبران ضلعی امن کمیٹی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 محمد باقر، چیف آفیسر ضلع کونسل نصراللہ، میونسپل کمیٹی کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم شہادتِ حضرت علیؓ کے موقع پر جلوس و مجالس مقامات کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بہاول پور پرامن خطہ ہے۔ علاقے کے لوگ امن پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امن وامان کے قیام کے لیے ممبران ضلعی امن کمیٹی اور دیگر افراد اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر جلوس روٹس کی صفائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جلوس روٹس میں سیوریج سسٹم کی درستگی اور سٹریٹ لائٹس فنکشنل رکھی جائیں نیز بجلی اور ٹیلی فون کی جھولتی تاریں درست کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے موقع پر محکمہ ہیلتھ کے متعلقہ افسران و سٹاف اور ریسکیو1122 کے جوان اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دیں۔ ڈی پی او سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے جلوس روٹس اور مجالس مقامات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے ممبران ضلعی امن کمیٹی اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ اجلاس میں صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ محمد یونس، عبدالرزاق شائق، میر جمال، احسان اللہ راحت، مفتی جاوید مصطفی سعیدی، صادق جعفری اور دیگر ممبران ضلعی امن کمیٹی نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال قافلہ سفیران امن جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور انجمن تاجران کے نمائندگان شامل ہیں، ضلع بھر میں مساجد اور امام بارگاہوں میں امن کا پیغام دیتا ہے۔بعدازاں ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن واستحکام کے لیے دعا کی گئی۔