Advertisements

ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ و ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس

District Emergency Board and Management Authority Meeting
Advertisements

بہاول پور: 17/دسمبر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ و ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کرسمس ڈے، یوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور نیو ایئر 2022ء کے حوالہ سے متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے بروئے کار لائے گئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان اور سیکورٹی و سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122باقر حسین، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ہیلتھ ڈاکٹر خالد چنڑ، محکمہ پولیس، محکمہ سول ڈیفنس، میٹروپولیٹن کارپوریشن، کنٹونمنٹ بورڈ، محکمہ اوقاف، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، میپکو،محکمہ سوئی گیس، محکمہ تعلقات عامہ، بہاول ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ٹریفک پولیس، پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس، یوم قائد اور نیوایئر کے موقع پر تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمہ جات کسی بھی ممکنہ حادثے یا ناگہانی صورتحال سے محفوظ رکھنے کے لئے ڈیزاسٹر ایمرجنسی پلان تشکیل دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے کام بہتر انداز میں کئے جائیں اور کورونا ویکسینیشن سمیت کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ و ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122باقر حسین نے اجلاس کو بتایا کہ کرسمس ڈے، یوم قائد اعظم محمد علی جناح اور نیو ایئر کے حوالہ سے کسی بھی ممکنہ حادثے یا سانحہ سے نبردآزما ہونے کے لئے ڈیزاسٹر ایمرجنسی پلان تشکیل دے دیا گیاہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں ریسکیو 1122کی 33ایمبولینسز، 36فائیر وہیکلز، 3ریسکیو وہیکلز، 45موٹر بائیک ایمبولینسز اور 477ریسکیوئرز خدمات سرانجام دیں گے۔باقر حسین نے بتایا کہ کرسمس ڈے کے موقع پر ضلع بھر میں قائم گرجا گھروں پر خصوصی ریسکیو پوائنٹس بنائے جائیں گے۔نیز نیو ایئر کے موقع پر شہر بھر میں ختم نبوتؐ چوک، سرائیکی چوک، لاری اڈا، ون یونٹ چوک، ماڈل ٹاؤن سی چوک، فرید گیٹ اور ڈی ایچ اے کے مقامات پربھی ریسکیو پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔انچارج ریسکیو 1122نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر موبائل نیٹ ورک بند ہونے یا نیٹ ورک میں خرابی کی صورت میں ریسکیو کنٹرول روم کے ڈائریکٹ نمبر 062-9250500اور ضلعی انتظامیہ کے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے نمبر 062-9250508پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔