بہاول پور: 15/فروری: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ممبر صوبائی اسمبلی صاحبزادہ گزین عباسی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں اراکین اسمبلی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، ڈاکٹر محمد افضل، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، ڈی پی او عبادت نثار، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قیوم اعظم خان، اصغر جوئیہ، طاہر جانباز، عثمان ملک، عنایت کریم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہٰی کھر اور تعمیراتی محکموں کے افسران موجود تھے۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ ایم پی اے گزین عباسی نے کہا کہ تمام تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کیساتھ مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الٰہی کھر نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پروگرام کے تحت 613 سکیموں پر کام جاری ہے۔ ان سکیموں کے لئے 3998 ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز جاری کئے گئے اور ان منصوبوں پر ابتک 2534 ملین سے زائد فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی محکموں کے افسران موقع پر جاکر ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کریں۔ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ وقت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کئے جائیں۔