اوچشریف کے نامور فرزند ڈاکٹر نعیم شیخ کا لاہور میں بین الاقوامی یورولوجی کانفرنس میں ’’ماحول دوست اینڈو یورولوجی‘‘ پر لیکچر
اوچشریف کے نامور فرزند، ڈاکٹر نعیم شیخ، جو برطانیہ کے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) ایسیکس میں سینئر کنسلٹنٹ یورولوجسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، حال ہی میں پاکستان آئے تاکہ بین الاقوامی یورولوجی کانفرنس میں شرکت کر سکیں جو پی سی ہوٹل لاہور میں 7 تا 9 نومبر 2025ء منعقد ہوئی۔ اس عالمی کانفرنس میں دنیا بھر کے معروف اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر امراضِ گردہ و مثانہ (یورولوجسٹس) اور ماہرینِ طب نے شرکت کی اور اپنے تحقیقی مقالے اور لیکچرز پیش کیے۔
ڈاکٹر نعیم شیخ نے اس موقع پر ایک نہایت اہم اور عصری موضوع ’’ماحول دوست اینڈو یورولوجی‘ پر لیکچر دیا، جس میں انہوں نے صحت کے شعبے کے ماحولیاتی اثرات، فضلہ کم کرنے، اور گردوں کی پتھری کے علاج میں اخراجات گھٹانے کے عملی طریقے بیان کیے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پاکستان جیسے محدود وسائل رکھنے والے ممالک میں بھی جدید اور ماحول دوست طبی طریقہ کار اختیار کر کے علاج کو مؤثر، محفوظ اور کم خرچ بنایا جا سکتا ہے۔ اپنے قیام کے دوران ڈاکٹر نعیم شیخ نے شیخ زید ہسپتال لاہور، نشتر یونیورسٹی ہسپتال ملتان، اور ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج میں تربیتی ورکشاپس اور عملی مظاہرے کیے، جن میں پاکستانی ماہرینِ یورولوجی کو بغیر چیرا لگائے پتھری نکالنے کے جدید طریقے سکھائے گئے۔
انہیں آئندہ مختلف میڈیکل کالجز اور ہسپتالوں میں بھی آپریشنز اور تربیتی سیشنز کے لیے مدعو کیا گیا ہے، جبکہ ان کے اگلے مرحلے میں مزید تین شہروں کے دوروں کی منصوبہ بندی مکمل ہو چکی ہے۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ڈاکٹر نعیم شیخ تاریخی شہر اوچشریف کے رہائشی ہیں۔ وہ مرحوم الحاج شیخ مہر علی سابق صدر اسماعیلیہ ایسوسی ایشن پنجاب کے صاحبزادے اور شیخ ناصر سلیم ایڈووکیٹ، صدر چیمبر آف ایگریکلچر اینڈ کامرس ساؤتھ پنجاب کے بھائی ہیں۔


