چنی گوٹھ ریلوے اسیٹشن کے قدیمی قبرستان میں گندا پانی چھوڑ دیا گیا

علاقہ کے مکینوں کا شدید احتجاج‘ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے نوٹس لینے کا مطالبہ
چنی گوٹھ (نامہ نگار) چنی گوٹھ ریلوے اسٹیشن کے قدیمی قبرستان میں گندہ پانی چھوڑ دیا گیا، قبریں مسمار ہونے لگیں، علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج۔ اس سلسلے میں شہریوں کے ایک وفد نے عبد الغفار چوہدری، ذوالفقار علی قریشی اور رانا ساجد غفار کی قیادت میں صحافیوں کو بتایا کہ ریلوے اسٹیشن چنی گوٹھ کے قدیمی قبرستان میں اہل محلہ نے نکاسی آب کا گندہ پانی قبرستان میں چھوڑ رکھا ہے جس سے قبرستان کا تقدس پامال ہونے کے ساتھ ساتھ قریبی قبریں بھی مسمار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گندے پانی کے جوہڑ کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن کی جانب سے آنے والا راستہ بھی بند ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قبرستان میں نکاسی آب کو بند نہ کیا گیا تو مزید قبریں مسمار ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گندے پانی کی وجہ سے قبرستان جانے والے شہریوں کے کپڑے بھی خراب ہو جاتے ہیں۔ مذکورہ افراد نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری طور پر قبرستان میں گندے پانی کو بند کرنے اور اس کا متبادل بندوبست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔