وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے مطابق چولستان میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا عرفان علی کاٹھیا

وزیر اعلی کے احکامات کے مطابق چولستان میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا چولستان میں نقل و حمل کیلئے انتظامیہ کو ڈبل کیبن 4/4 ڈالے فراہم کر دئیے
چولستان کے باسیوں کو پانی کی فراہمی 24 گھنٹے یقینی بنائی جائے گی۔ رواں ماہ پنجاب میں ہیٹ ویو کے خطرات کی پیشگوئی ہے ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی
بہاول پور:12/اپریل:ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے مطابق چولستان میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جس کے لئے مقامی انتظامیہ کو تمام تر وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے چولستان کے دور دراز علاقوں میں پانی کی دستیابی کا جائزہ لینے کے موقع پر کہی۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق،ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی طارق محمود بخاری اور دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ چولستان میں نقل و حمل کیلئے مقامی انتظامیہ کو ڈبل کیبن 4/4 ڈالے فراہم کر دئیے ہیں۔ چولستان میں ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے 40 ملین اضافی فنڈز فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پائپ لائنز کی مرمت کیلئے بھی مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ چولستان کے باسیوں کو پانی کی فراہمی 24 گھنٹے یقینی بنائی جائے گی۔ رواں ماہ پنجاب میں ہیٹ ویو کے خطرات کی پیشگوئی ہے۔ ساؤتھ پنجاب کے اضلاع بہاولپور،رحیم یار خان، اور بہاولنگر میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ تمام محکمے، میڈیا اور عوام باہمی تعاون سے ہیٹ ویو کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔