شعراء، ادیبوں اور تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی آرٹس کونسل کی ترجیحات میں شامل ہے : ڈاکٹر ناصر حمید
ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی معروف شاعر عاطف نصیر کے شعری مجموعہ ”انکسار“ کی تقریبِ رونمائی و پذیرائی کے شرکا سے گفتگو
بہاول پور: ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس ڈاکٹر ناصر حمید نے کہا ہے کہ خطے کی ادبی و ثقافتی روایات کے تحفظ اور فروغ کے لیے سمیت شعراء، ادیبوں اور تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کونسل کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن کے زیرِ اہتمام معروف شاعر عاطف نصیر کے شعری مجموعہ ”انکسار“ کی تقریبِ رونمائی و پذیرائی کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف اہلِ قلم کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ہیں بلکہ معاشرے میں کتاب، ادب اور مثبت تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بھی ہیں ۔ انہوں نے عاطف نصیر کو شعری مجموعہ ”انکسار“ کی اشاعت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے ان کے ادبی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب میں اہلِ علم و ادب، شعراء کرام اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمران محمود اختر نے کہا کہ کتاب کی رونمائی محض ایک ادبی سرگرمی نہیں بلکہ فکر و احساس کے اظہار اور معاشرے میں مطالعے کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاطف نصیر کا شعری مجموعہ ”انکسار“ ادبی ذوق کی آبیاری اور اردو شاعری کے فروغ کی جانب ایک قابلِ قدر پیش رفت ہے۔ڈاکٹر راشد سعیدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادب انسانی شعور کی بالیدگی اور معاشرتی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سابق چیٔرمین شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز ، اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر رانا شہزاد نے کہا کہ ادبی تقریبات نئی تخلیقی آوازوں کو متعارف کروانے، اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی اور علمی و ادبی مکالمے کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں ۔انہوں نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام تقریب کے انعقاد کو ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے اہم قرار دیا۔ تقریب میں پارس مزاری ، محمد بلال، خالد محبوب، علی حامی، ناصر سیال، حفیظ طاہر، سید خرم پیرذادہ، محمد اقبال سانول، عبدالخالق قریشی، محسن رضا جوئیہ، واجد علی خان او ر سول سوسائٹی کے نمائندگان شریک تھے۔ عاطف نصیر کے شعری مجموعہ ”انکسار“ کی تقریبِ رونمائی و پذیرائی کے دوسرے سیشن میں مشاعرے کا انعقاد بھی کیا گیا

