نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کے یومِ وفات کے موقع پر شاہی قبرستان میں گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری صاحبزادہ گزین خان عباسی،اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ اقراء ناصر، محمد عباس عباسی، صاحبزادہ عاصم جاوید عباسی اور ڈی ایس پی یزمان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، انجمن تاجران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بہاول پور:24/مئی (پریس ریلیز )ریاست بہاول پور کے آخری فرمانروا نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کے یومِ وفات کے موقع پر قلعہ دراوڑ کے تاریخی شاہی قبرستان میں گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ان کے مزار پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے عظیم حکمران کی قومی، عوامی اور فلاحی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب میں ضلعی انتظامیہ بہاولپور کی جانب سے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کرتے ہوئے گارڈ آف آنر دیا، جبکہ مقررین نے نواب آف بہاولپور کی خدمات کو تاریخ کا روشن باب قرار دیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم نے ریاست بہاولپور کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور انتظامی اصلاحات کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے دوران ان کا تاریخی کردار ناقابلِ فراموش ہے اور ان کی قومی خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔مقررین نے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم ایک مدبر، دور اندیش اور عوام دوست حکمران تھے جنہوں نے ریاست بہاولپور کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں، اسپتالوں، سڑکوں اور دیگر فلاحی منصوبوں کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ پاکستان کے استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے بھی ان کی خدمات بے مثال رہیں۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری صاحبزادہ گزین خان عباسی،اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ اقراء ناصر، محمد عباس عباسی، صاحبزادہ عاصم جاوید عباسی اور ڈی ایس پی یزمان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، انجمن تاجران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی فلاحی سوچ، عوامی خدمت اور ترقیاتی وژن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور نئی نسل کو ان کی قومی خدمات اور تاریخی کردار سے روشناس کرایا جائے گا۔

