چوہدری طارق بشیر چیمہ کی قیادت میں حلقہ پی پی 248 میں تقریباً 75 کروڑ روپے کے منصوبہ جات پر کام جاری ہے حسن عسکری شیخ
![Hassan Askari Sheikh & Tariq Bashir Cheema](https://dailynaps.com.pk/wp-content/uploads/2024/06/Tariq-Bashir-Cheema-Hassan-Askari-Sheikh.jpg)
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب کی شیخ فارمز چنی گوٹھ پر سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق ، سابق وائس چیئرمین یوسی چوہدری محمد خالد گجر ، سابق کونسلر جام سعید لاڑ اور سردار طارق خان عباسی سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر و ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ کی قیادت میں حلقہ میں تقریباً 75 کروڑ روپے کے منصوبہ جات پر کام جاری ہے ، مزید فنڈز بھی پائپ لائن میں ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شیخ فارمز چنی گوٹھ پر سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق ، سابق وائس چیئرمین یوسی چوہدری محمد خالد گجر ، سابق کونسلر جام سعید لاڑ اور سردار طارق خان عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،
ایم پی اے نے بتایا کہ حلقہ میں تقریباً بیس کے قریب میٹل روڈز کی تعمیر جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ نہروں کے اوپر پلوں سمیت سولنگ ، ٹف ٹائل ، نکاسی آب کی نالیوں کی تعمیر و مرمت بھی جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ شہر میں پیپل والا چوک میں خوبصورت چوک کی نئے سرے سے تعمیر کی جائے گی جبکہ تھانہ ، ڈاک خانہ اور عیدگاہ روڈ کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے
ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے کہا کہ چنی گوٹھ میں غلہ منڈی اور سبزی منڈی رواں سال جون سے قبل فعال کر دی جائیں گے اور یہ منڈی مستقبل کی کامیاب ترین منڈی ثابت ہو گی ، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج کی فائل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹیبل پر پڑی ہوئی ہے اور میں ان سے جلد ملاقات کر کے گرلز ڈگری کالج کی منظوری حاصل کروں گا ، انہوں نے کہا کہ عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا میری ترجیحات ہیں ۔