صوبائی حلقہ پی پی 248 میں تقریباً ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری حسن عسکری شیخ
وعدوں کی تکمیل اولین ترجیح ہے اور علاقے کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مہر محمد صدیق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو
چنی گوٹھ(نامہ نگار) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب میں تقریباً ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل اولین ترجیح ہے اور علاقے کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حسن عسکری شیخ نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر و ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ کی معاونت سے حلقے میں تقریباً تین سو نئی بستیوں میں بجلی کی فراہمی، مثالی گاؤں منصوبے اور ہر موضع میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی ایک ارب روپے سے زائد کے نئے منصوبہ جات شامل کیے گئے ہیں جن کے فنڈز آئندہ مالی سال میں جاری ہوں گے، جس سے حلقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے بتایا کہ یونین کونسل مہند کے تین مواضعات مہند، احمد نائچ اور حاصل لاڑ میں گزشتہ ڈھائی سال کے دوران کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہا، جبکہ بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، بجلی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہو رہا ہے۔

