طارق بشیر چیمہ کی معاونت سے پی پی 248 میں گزشتہ دو سال کے دوران تقریباً دو ارب روپے کے ترقیاتی کام مکمل کروائے حسن عسکری شیخ
حلقہ کے مختلف علاقوں میں تقریباً 30 کلومیٹر پر مشتمل پرانی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے جس سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کی عمائدین سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ ہم نے ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ کی معاونت سے حلقہ پی پی 248 میں گزشتہ دو سال کے دوران تقریباً دو ارب روپے کے ترقیاتی کام مکمل کروائے ہیں جبکہ دیگر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے فارم ہاؤس پر مہر محمد صدیق کے ہمراہ علاقہ کے معززین اور عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقہ کے متعدد سماجی و سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔
حسن عسکری شیخ نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے اور حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ کے مختلف علاقوں میں تقریباً 30 کلومیٹر پر مشتمل پرانی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے جس سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ حلقہ میں دو سو کے قریب بستیوں میں بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جبکہ عوام کو صاف اور معیاری پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے 30 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر مہر محمد صدیق نے کہا کہ موجودہ قیادت نے علاقے کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں اور جاری منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو نمایاں ریلیف ملے گا۔ عمائدین علاقہ نے بھی ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی مسائل کے حل کے لئے اسی طرح اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ اس موقع پر سابق وائس چیئرمین یونین کونسل کلاب عبد الرشید پنوار ، سابق کونسلر میاں محمد اکرام مہند ، جام شاہ محمد نہایا ، ملک اللّٰہ بخش بوہڑ اور دیگر موجود تھے

