بہاول پور:18/اگست کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انورنے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات کو مقررہ مدت کے دوران اعلیٰ معیار کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ غیر ضروری التواء کے باعث منصوبہ جات کی لاگت میں اضافہ نہ ہو۔ وہ ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نگران افسران تواتر کے ساتھ فیلڈ وزٹ کریں اور منصوبہ جات کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ کمشنر بہاول پور نے اجلاس کے دوران کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کر کے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے تاکہ عوام الناس کو سہولیات کی بروقت فراہمی شروع ہو سکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن(ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان سید موسیٰ رضا، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس طالب رندھاوا، ایس ای بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ انور عادل، ایس ای ہائی ویز طارق ملغانی، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر فیاض، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص دین محمد سمیت متعلقہ محکمہ کے افسران شریک تھے۔اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی نظرثانی کے بعد تخمینہ جات کی منظوری دی گئی۔ ان منصوبہ جات میں بہاول نگر ہائی ویز،رحیم یارخاں ہائرایجوکیشن بہاول نگر، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، چولستان ترقیاتی ادارہ بہاول پور اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے نظر ثانی شدہ منصوبہ جات شامل ہیں۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویژن بھر میں جاری863 ترقیاتی منصوبوں تخمینہ لاگت132392 ملین روپے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان منصوبہ جات کے لیے رواں برس 28370 ملین روپے کے فنڈز کا اجراء کیا گیا ہے اور ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔