پنجاب کے 52 شہروں میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں: عظمیٰ بخاری
مون سون سیزن سے پہلے واٹر سپلائی، سیوریج اور نکاسی آب کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے وزیر اطلاعات پنجاب
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں ترقی، خوشحالی اور شہروں کی خوبصورتی کے منصوبوں پر بیک وقت تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ مون سون سے قبل نکاسی آب اور سیوریج منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کے تحت صوبے کے 52 شہروں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے، جن کا مقصد شہریوں کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن سے پہلے واٹر سپلائی، سیوریج اور نکاسی آب کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران کھدائی کے بعد گڑھے کھلے نہ چھوڑے جائیں اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے دوران حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب بیوٹیفکیشن پلان کے تحت مختلف شہروں میں پارکس، عوامی مارکیٹوں، داخلی راستوں اور دیگر عوامی مقامات کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا عمل بھی جاری ہے، منڈی بہاؤالدین، سمبڑیال، چنیوٹ، رحیم یار خان اور اوکاڑہ میں خوبصورت پارکس، جدید مارکیٹیں اور شہر کے داخلی راستے تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ سرگودھا، اٹک، گوجرانوالہ، راولپنڈی، شکرگڑھ اور خوشاب میں بیوٹیفکیشن منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب ڈیولپمنٹ پلان اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی خود نگرانی کر رہی ہیں اور ان کا وژن پنجاب کے تمام شہروں کو جدید، صاف ستھرا، خوبصورت اور شہری سہولیات کے لحاظ سے ترقی یافتہ بنانا ہے۔

