یوسی چنی گوٹھ ، کلاب ، راجڑہو، مہند سمیت حلقہ پی پی 248 میں ترقیاتی منصوبہ جات کا آغاز ماہ ستمبر میں ہو جائے گا حسن عسکری شیخ

چنی گوٹھ میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں چوہدری طارق بشیر چیمہ ترقیاتی منصوبہ جات کا افتتاح کریں گے
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انڈسٹریز ، کامرس اور انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی چنی گوٹھ کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انڈسٹریز ، کامرس اور انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ یوسی چنی گوٹھ ، کلاب ، راجڑہو، مہند سمیت حلقہ پی پی 248 میں ترقیاتی منصوبہ جات کا آغاز ماہ ستمبر میں ہو جائے گا، منصوبہ جات کا باقاعدہ افتتاح سابق وفاقی وزیر و ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ امسال ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ اور میرا فنڈ مکمل حلقہ پی پی 248 میں لگایا جا رہا ہے ، انہوں نے بتایا کہ چند روز بعد چنی گوٹھ میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس سابق وفاقی وزیر و ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ ترقیاتی منصوبہ جات کا افتتاح کریں گے ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ 60 کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ سے تقریباً 35 کلومیٹر لمبی پختہ سڑکوں کی تعمیر، چنی گوٹھ شہر اور ریلوے اسٹیشن میں نکاسی آب کے لئے ڈرین سسٹم ، ٹف ٹائل اور سولنگ سڑکوں کے منصوبہ جات کے علاوہ نہروں پر پلوں کی تعمیر و مرمت بھی شامل ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم چنی گوٹھ اور ملحقہ یونین کونسلوں میں عوام کی پچیس سال کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ، انہوں نے کہا کہ چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج کے منصوبہ کو کچھ تعلیم دشمن عناصر نے رکوا دیا تھا اور اس کے لئے مخصوص فنڈز بھی دوسری مد میں ٹرانسفر کروا لیا تھا اور اب اس سلسلے میں بھی کام جاری ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی فنڈز جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے اور یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پنجاب میں بجلی کے بلوں میں 201 سے پانچ سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا ہے جس سے عوام مستفید ہونا شروع ہو گئی ہے ، انہوں نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر سکیم بھی جاری ہے جس میں 70 ہزار پنجاب کے شہریوں کو آسان اقساط پر بلا سود قرضہ دیا جائے گا ۔