مستحق افراد کو آٹے، دالوں اور گھی پر سبسڈی ملے گی، جمعہ سے 8171 میسج سروس بحال ہوجائے گی، ڈاکٹر ثانیہ نشتر
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ مستحق افراد کو آٹے، دالوں اور گھی پر سبسڈی ملے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ آج جمعہ سے 8171 میسج سروس بحال ہوجائے گی، اہلیت معلوم کرنے کے لیے موبائل سم اپنے نام ہونا ضروری ہے،احساس راشن پروگرام میں کوئی بھی دوکاندار رجسٹرڈ ہوسکتا ہے،دوکاندار کا نیشنل بینک میں اکاﺅنٹ ہونا لازمی ہے،احساس راشن پروگرام 6 ماہ تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جس دوکان میں جا رہے ہیں کریانہ دوکاندار بہت متحرک ہیں اور پروگرام میں بہت زیادہ دوکاندار شرکت کرچکے ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ 8171 میسجنگ سروس بھی آج جمعہ سے کھل جائے گی اور جو گھرانے بھی رعایت پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں،وہ اپنی سم سے اپنا شناختی کارڈ نمبر میسج کرکے رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں،اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ جس نام کی سم ہوگی اسی سے میسج کیا جاسکتا ہے،احساس راشن پروگرام میں کوئی بھی دوکاندار رجسٹرڈ ہو سکتا ہے،ملک بھر سے کریانہ دوکاندار اس پروگرام میں شریک ہو سکتے ہیں،یہ عمل اگلے دو ہفتے بھی جاری رہے گا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر گزشتہ چند روز سے مختلف شہروں میں کریانہ دوکانداروں سے خود مل رہی ہیں تاکہ اس پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔احساس راشن پروگرام کی آگاہی مہم کے لیے ان کی قیادت میں شہر شہر کے دورے جاری ہیں۔