ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کا محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل احمد پور شرقیہ کا دورہ
ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے لائسنس داران کے ہمراہ محلہ نور شاہ بخاری، محلہ فتانی اور چوک منیر شہید سمیت مرکزی جلوس روٹس کا جائزہ لیا
ضلعی امن کمیٹی کے رکن سید خواجہ محبوب الحسن نے ڈپٹی کمشنر کو جلوس روٹس، مجالس کے مقامات اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر بھی موجود تھیں
احمد پور شرقیہ: ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزادار جلوسوں کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل احمد پور شرقیہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یومِ عاشور کے موقع پرمرکزی جلوس روٹس کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے لائسنس داران کے ہمراہ محلہ نور شاہ بخاری، محلہ فتانی اور چوک منیر شہید سمیت مرکزی جلوس روٹس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی کے رکن سید خواجہ محبوب الحسن نے ڈپٹی کمشنر کو جلوس روٹس، مجالس کے مقامات اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران سیکیورٹی اداروں کے افسران، میونسپل کمیٹی اور واپڈا حکام بھی موجود تھے۔ متعلقہ افسران کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری سہولیات کی بروقت فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے چوک منیر شہید میں قائم امام بارگاہ کا دورہ کیا اور وہاں دھلائی و صفائی کے جاری عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوس روٹس پر صفائی، روشنی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اقراء ناصر بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ڈپٹی کمشنرسید حسن رضا نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے متحرک ہے اور جلوس روٹس و مجالس کے مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات کو حتمی شکل دے کر بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

