Advertisements

ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کا چولستان میں ممکنہ خشک سالی کے پیش نظر مختلف ٹوبہ جات کا تفصیلی دورہ

Deputy Commissioner Syed Hassan Raza Conducts Detailed Visit to Various Tobas in Cholistan Amid Drought Concerns
Advertisements

انہوں نے دورے کے دوران مقامی افراد اور متعلقہ افسران سے بھی ملاقات کی اور زمینی حقائق بارے آگاہی حاصل کی۔


بہاول پور: ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے چولستان میں ممکنہ خشک سالی کے پیش نظر مختلف ٹوبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں پانی کی دستیابی، فراہمی کے نظام اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مقامی افراد اور متعلقہ افسران سے بھی ملاقات کی اور زمینی حقائق بارے آگاہی حاصل کی۔

Advertisements

ڈپٹی کمشنر نے ٹوبہ جات میں پانی کی موجودہ صورتحال، ذخیرہ کرنے کی گنجائش، واٹر سپلائی اسکیموں کی فعالیت اور متبادل ذرائع آب کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی کہ ممکنہ خشک سالی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ انسانی آبادی اور مال مویشیوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈی سی سید حسن رضا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چولستان کے مکینوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ٹوباجات میں پانی کی بروقت فراہمی، ٹینکرز کی دستیابی اور واٹر سپلائی اسکیموں کی مرمت و بحالی کے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک اور دیگر متعلقہ ادارے مال مویشیوں کے لیے پانی اور چارے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مربوط اقدامات کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ اسٹاف باقاعدگی سے علاقے کا دورہ کرے اور کسی بھی ممکنہ بحران کی صورت میں فوری رپورٹ کیا جائے۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی سہولت اور جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔