Advertisements

ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرعبدالوہاب کی ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں شرکت

Deputy Commissioner Syed Hasan Raza and District Police Officer Abdul Wahab Attend Joint Meeting of District Peace Committee and Interfaith Harmony Committee
Advertisements

مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر ضلع بھر کے چرچوں میں صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں ڈپٹی کمشنر

پولیس کی جانب سے تمام مذہبی مقامات اور اہم تنصیبات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہری صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، افواہوں سے گریز کریں  ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالوہاب

Advertisements


بہاول پور: ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرعبدالواہاب نے ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی، جس میں مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر، جمعۃ المبارک اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی خلیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر حمزہ احتشام، انجمن تاجران، امن کمیٹی کے ممبران، اقلیتی رہنما اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک ہوئے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر ضلع بھر کے چرچوں میں صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ستھرا پنجاب“ مہم کے تحت صفائی کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور عبادت گاہوں کے اطراف خصوصی صفائی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چرچ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پہلی سطح کی سیکیورٹی کے لیے رضاکار تعینات کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالوہاب نے کہا کہ پولیس کی جانب سے تمام مذہبی مقامات اور اہم تنصیبات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اقلیتی برادریوں کو مکمل تعاون اور تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔

انجمن تاجران کے نمائندگان نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر شہر کے اہم بازاروں اور شاہراہوں، ختم نبوت چوک، شاہی بازار اور دیگر علاقوں میں خوبصورت تزئین و آرائش اور برقی قمقموں کی تنصیب کے ذریعے شہر کو دلکش بنا دیا، جس سے خریداروں خصوصاً خواتین اور بچوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔ تاجروں نے شہر کی خوبصورتی میں اضافے پر ڈپٹی کمشنر کی کاوشوں کو سراہا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔امن کمیٹی کے ممبران اور اقلیتی رہنماؤں نے باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے اور مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مثبت و بامقصد اقدامات پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی، ترقی اور پائیدار امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی