ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کا تحصیل احمد پور شرقیہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ جات کا اچانک دورہ
احمد پور شرقیہ :4/ستمبر : ڈپٹی کمشنربہاول پور ظہیر انور جپہ نے تحصیل احمد پور شرقیہ کا اچانک دورہ کیا اور احمد پور شرقیہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ جات میں جا کر سیلابی پانی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ احمد ندیم ہاشمی، ریونیو افسران اور پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے جوانوں سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنربہاول پور نے احمد پور شرقیہ کے مختلف دریائی مواضعات پپلی راجن،بقا بور، جھانگڑہ شرقی، اسماعیل پور، بہاول پور گلواں، ودھنور، بیٹ لگاہ اور دیگر مقامات کا دورہ کیااور فلڈ ریلیف اینڈ ریسکیوآپریشن کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے کہا کہ ضلع بہاول پور کی سیلاب سے متاثرہ دیگر تحصیلوں کی طرح تحصیل احمد شرقیہ میں بھی سیلاب متاثرین کے لیے فلڈ ریلیف کیمپس قائم ہیں جہاں انہیں حکومت کی جانب سے کھانا، رہائش،مویشیوں کے لئے چارہ،میڈیکل و لائیو سٹاک کیمپس اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کونہ صرف فلڈ ریلیف کیمپس اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ احمد ندیم ہاشمی، ریسکیو 1122 کے جوان اور ریونیو سٹاف فلڈ ریلیف اینڈ ریسکیو سرگرمیوں کی انجام دہی کے لئے فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنراحمد پور شرقیہ احمد ندیم ہاشمی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب متاثرین کو ان کے سامان اور مال مویشیوں سمیت فلڈ ریلیف کیمپس اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے جہاں انہیں کھانا، رہائش اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں حکومت کی جانب سے میڈیکل کیمپس بھی قائم ہیں جہاں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف مامور ہے۔اسی طرح سیلاب متاثرین کے مال مویشیوں کے علاج معالجہ کے لئے بھی حکومت کی جانب سے لائیوسٹاک کیمپس فعال ہیں جہاں مال مویشیوں کے لئے چارہ اور ونڈہ وافر مقدار میں مفت دستیاب ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقہ جات اور ملحقہ آبادیوں میں کھانا اور اشیائے خوردونوش کے پیکٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فلڈ ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور تمام افسران و سٹاف سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کرفرائض سرانجام دیں۔