ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کا تحصیل یزمان کے دورہ کے موقع پر آراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک معائنہ

بہاول پور:10/ ستمبر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے تحصیل یزمان کے دورہ کے موقع پر آراضی ریکارڈ سنٹریزمان کا اچانک معائنہ کیا۔انہوں نے آراضی ریکارڈ سنٹر یزمان میں موقع پر موجود سائلین سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کردہ سہولیات اور سروس ڈیلیوری بارے استفسار کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر یزمان مجاہد عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے آراضی ریکارڈ سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور افسران و سٹاف کو ہدایت کی کہ سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں اور اس سلسلہ میں تمام امور صاف شفاف انداز میں انجام دیئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے آراضی ریکارڈ سنٹر یزمان کے افسران و سٹاف کی حاضری اور صفائی ستھرائی کے انتظامات سمیت سائلین کوفراہم کردہ سروسز کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سب رجسٹرار آفس یزمان گئے۔انہوں نے ریونیو افسران و سٹاف کو ہدایت کی کہ لوگوں کے ریونیو سے متعلق مسائل حل کئے جائیں اور تمام امور صاف شفاف انداز میں انجام دیئے جائیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنربہاول پور اسسٹنٹ کمشنر یزمان کے دفتر بھی گئے اور اے سی آفس یزمان میں سائلین کو دی جانے والی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر یزمان مجاہد عباس نے ڈپٹی کمشنر بہاو ل پور کو تحصیل یزمان میں مفاد عامہ کی سہولیات، ریونیو سے متعلقہ مسائل کے فوری حل کے لئے بروئے کار لائے گئے اقدامات اور دیگر امور کے بارے تفصیلی طور پر بریف کیا۔