ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار کا زیر آب آنے والی فصلات کا معائنہ – زیر آب آنے والی فصلات کے نقصان کے ازالہ کے لئے سروے کیا جائے اسسٹنٹ کمشنر راجہ محمد قاسم محبوب جنجوعہ کو ہدایت
بہاول پور:یکم اگست( )ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے احمد پور شرقیہ کے علاقہ شکرانی اور ملحقہ علاقے کا دورہ کیااور جاگیر صادق آباد ہیڈپنجند میں گزشتہ دنوں زمیندارہ بند سے ملحقہ دریا کی پرانی گزر گاہ سے زیر آب آنے والی فصلات کا معائنہ کیا۔انہوں نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ راجہ محمد قاسم محبوب جنجوعہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122باقر حسین،ایکسئین محکمہ انہار کاشف علی، سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان، سی ای او ہیلتھ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کو ہدایت کی کہ زمیندارہ بند سے ملحقہ دریائی گزرگاہ سے زیر آب آنے والی فصلات کے نقصان کے ازالہ کے لئے سروے کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ریلیف کیمپ قائم کرکے فعال کئے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ریلیف کیمپس میں ہیلتھ، وٹرنری ڈاکٹرز کا عملہ، ریسکیو 1122کاسٹاف ریلیف کاموں کے لئے موجود رہیں۔