ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کا بہاولپورسے جھانگڑہ شرقی انٹرچینج 42 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے کاموں کا معائنہ

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ظہیر انورجپہ نے احمد پور شرقیہ سڑک کی مرمت و بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا اس سکیم کے لئے462.910 ملین روپے جاری کئے گئے
بہاول پور:13/مئی : ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے بہاولپور
N-5سے جھانگڑہ شرقی انٹرچینج 42 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے کاموں کا موقع پر جا کر معائنہ کیا۔ انہوں نے سڑک کی تعمیر کی کوالٹی چیک کی اس موقع پر ایس ای ہائی ویز انجینئر فرخ ممتاز وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہی کھر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ایس ای ہائی ویز فرخ ممتاز نے بریفنگ میں بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران اس ترقیاتی منصوبہ کے لئے 2000 ملین روپے جاری کئے گئے جن میں سے اب تک 1751 ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پراجیکٹ پر ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ظہیر انورجپہ نے احمد پور شرقیہN-5سے اولڈ بائی پاس تک 4.88کلومیٹر سڑک کی مرمت و بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا۔ اس سکیم کے لئے462.910 ملین روپے جاری کئے گئے جن میں سے اب تک 315ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سڑک کی مرمت و بحالی کے کام جلد مکمل کئے جائیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے ماڑی قاسم شاہ سے ڈیرہ بکھا تک 7.90 کلومیٹر سڑک کی مرمت و بحالی کے کاموں کا موقع پر جا کرمعائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس ای ہائی ویز انجینئر فرخ ممتاز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہی کھر اور دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے۔ ایس ای ہائی ویز نے بتایا کہ سڑک کی مرمت و بحالی کے کاموں کے لئے 400.439 ملین روپے جاری کئے گئے جن میں سے اب تک ترقیاتی سکیم پر 319 ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں مقررہ میعاد میں اعلی کوالٹی کے ساتھ مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لئے نگران افسران فیلڈ وزٹ کو یقینی بنائیں۔