ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی گورنمنٹ صادق ماڈل گرلز ہائی اسکول بہاولپور می یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب میں شرکت
بہاول پور: گورنمنٹ صادق ماڈل گرلز ہائی اسکول بہاولپور میں 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے لازوال محبت، یکجہتی اور حمایت کے اظہار کے لیے ایک پروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا تھے۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی خلیل احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن توکل حسین، پرنسپل شبنم مبارک، مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طالبات، طلبہ اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قرآن خوانی سے ہوا، جس کے بعد یومِ یکجہتی کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا دن ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا شکار ہیں، لیکن ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کسی بھی قیمت پر اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے اور“ہم کشمیر کے ساتھ ہیں ”اور“پاکستان زندہ باد”کے فلک شگاف نعروں سے اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔ طلبہ کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، جنہوں نے نعروں اور تقاریر کے ذریعے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔آخر میں تقریب کے اختتام پر پوری انسانیت، بالخصوص مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی، شہداء کی مغفرت اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تمام شرکاء نے نہایت عقیدت اور یکجہتی کے ساتھ دعا میں شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی حمایت تا دمِ منزل جاری رہے گی۔

