ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کا ضلع میں موجود تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور مراکز صحت میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا علیحدہ علیحدہ جائزہ
ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ایم ایس ٹی ایچکیوز و مراکز صحت موجود تھے
بہاول پور:19/ نومبر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور مریضوں کو ہسپتال و مراکز صحت سے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وہ دفتر کے کمیٹی روم میں ضلع بھر کے ہسپتال، تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، مراکز صحت و دیگر ہیلتھ سنٹرز سے دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ایم ایس ٹی ایچ کیوز و مراکز صحت موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں موجود تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور مراکز صحت میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف انسانیت کے جذبے سے سرشار ہو کر خدمات سرانجام دیں اور بہتر مینجمنٹ سسٹم کے تحٹ کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال و مراکز صحت میں آنے والے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے کاموں میں مزید بہتری لائی جائے اور ہسپتال و مراکز صحت میں خوبصورت سدابہار پودے لگائے جائیں اور لان بنایا جائے تاکہ خوشگوار تبدیلی محسوس ہو۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کو فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ مہم اور ڈینگی کے خاتمے کی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے۔ اس سلسلہ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف بہتر انداز میں کام کرے۔ اس موقع پر ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نے ٹی ایچ کیوز میں او پی ڈی، ان ڈور مریض، ایمرجنسی مریض اور مختلف وارڈز میں طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی، ایکسرے، الٹراساؤنڈ، لیبارٹری ٹیسٹ و دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اسی طرح ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریف کیا۔