بہاول پور:17/ اپریل : ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عروج فاطمہ، ٹریفک پولیس آفیسر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن میاں محمد آصف اور ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقررہ کرایہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی موثر انداز میں مانیٹرنگ کی جائے۔اس سلسلہ میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ بس اور ویگن سٹینڈز پرمسافروں سے مقرر کی گئی شرح کے مطابق کرایہ وصول کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ سے گریز کیا جائے خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بس اور ویگن کرایوں پر عملدرآمد اور اوور لوڈنگ کے خاتمہ کے لئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،ٹریفک پولیس شامل ہیں۔