ڈپٹی کمشنر بہاول پورڈاکٹر فرحان فاروق کا احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف کا دورہ
احمد پور شرقیہ میں تجاوزات کے خاتمہ کے آپریشن،صفائی ستھرائی کے کاموں اور دیہی مرکز صحت اوچ شریف میں جاری ترقیاتی کاموں کامعائنہ کیا
احمد پور شرقیہ + اوچ شریف : ڈپٹی کمشنربہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے احمد پور شرقیہ کا دورہ کیااور عباسیہ چوک، عثمان چوک سمیت د یگر مقامات پر صفائی ستھرائی کے کاموں اور تجاوزات کے خاتمہ کے حوالہ سے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ احمد پورشرقیہ میں صفائی ستھرائی اورنکاسی آب کے کام بہتر انداز میں کرائے جائیں اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر تمام امور کی نگرانی کریں۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے لیڈیز پارک چوک منیر شہید میں پودا لگایا اور پارک میں شجرکاری اور صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور دیگر متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنربہاول پور نے چاچا بستی چوک سے منیر شہید چوک تک دو رویہ سڑک کی مرمت و بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیااور جاری ترقیاتی کاموں بارے بریفنگ لی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ کا دورہ کیا اور شعبہ ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور مختلف وارڈز میں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ادویات کے سٹاک اور صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولت فراہم کی جائے اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے اوچ شریف کادورہ کیااور رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دیہی مرکز صحت کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ تمام امور بہتر انداز میں انجام دیئے جائیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، ایکسئن بلڈنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ان کے ہمراہ تھے۔