پنجاب: صحت انصاف کارڈ،لنگر خانے، پناہ گاہیں دوبارہ سے شروع کرنیکا فیصلہ
سپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ سبطین خان کو دیئے جانے کا حتمی فیصلہ
اسلام آباد: پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی حکومت واپس آنے کے بعد صوبے میں صحت انصاف کارڈ، لنگر خانے اور پناہ گاہیں دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ختم ہو گیا، اجلاس کے دوران عمران خان نے قانونی ٹیم کو مبادکباد دی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات میں مشاورت پر پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ سبطین خان کو دیئے جانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا
ذرائع کے مطابق پنجاب میں صحت انصاف کارڈ، لنگر خانے اور پناہ گاہیں دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد لانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف فوری طور پر عدم اعتماد لائی جائے گی جبکہ عمران خان جمعرات کو لاہور کا دورہ کریں گے، اس دورے کے دوران پی ٹی آئی چیئر مین صوبائی کابینہ کی بھی منظوری دیں گے
اجلاس کے دوران عمران خان نے خطاب کرتے رہوئے کہا کہ چوروں کے ٹولے نے ملک کو تباہ کر دیا، عوام جاگ چکی ہے، ضمنی انتخابات میں اپنا فیصلہ سنا دیا، قوم کو پتہ چل چکا ہے کون جھوٹا ہے اور کون سچا ہے، سپریم کورٹ نے آئین و قانون کی مطابق سچ کا ساتھ دیا۔