Advertisements

اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی، عمران خان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہو گا، پرویز الہیٰ

Advertisements

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے اور عمران خان کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔

لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بحالی کے فیصلے پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو مبارک ہو کہ آج عدالت نے گورنر کی آئین شکنی کا راستہ روک دیا،  امپورٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ گورنر نے آرٹیکل 58(2) b بحال کرنے کی کوشش کی لیکن عدالت نے اس کا راستہ روکا اور رات کے اندھیرے میں منتخب حکومت پر شب خون مارنے کی کوشش ناکام بنائی۔

Advertisements

اُن کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے، عمران خان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہو گا، امپورٹڈ حکومت انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے، ہم امپورٹڈ حکومت کو عوام کے کٹہرے میں پیش کریں گے اور حتمی فیصلہ عوام کا ہو گا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ گورنر کے خلاف آج صوبائی اسمبلی کی قرارداد اہمیت کی حامل ہے، اس قرارداد کی روشنی میں صدر سے درخواست کر رہے ہیں کہ گورنر کے خلاف مس کنڈکٹ کی کاروائی عمل میں لائی جائے اور فوری طور پر انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے تحریری بیان حلفی جمع کرانے کے بعد پرویز الہیٰ کو زیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر بحال کرتے ہوئے گورنر کا حکم نامہ معطل کردیا جبکہ عدالت نے گیارہ جنوری تک صوبائی کابینہ کو بھی بحال کردیا۔