اخبار پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس شرپسند عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ

Caretaker CM Punjab Mohsin Naqvi

لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے اہم فیصلوں سمیت شر پسند عناصر کے خلاف زیر وٹالرنس کی پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران میانوالی میں بھی امن عامہ کو قائم رکھنے کے لئے فوج طلب اور پنجاب بھر کے کالجز او ریونیورسٹیز اگلے دو روز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، میڈیکل کالجز کھلے رہیں گے جبکہ سکول بند یا کھلے رکھنے کا فیصلہ آج رات تک کیا جائے گا۔

اجلاس میں حساس مقامات کی سکیورٹی مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ شر پسندوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمے درج ہوں گے۔

نگران وزیراعلیٰ نے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔

محسن نقوی نے کہا کہ وعدہ ہے کہ ریاست پاکستان پر حملہ آور ہر شر پسند کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، سرکاری و نجی املاک پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہوگی، عوام کے جان ومال کے تحفظ اور امن و امان کیلئے ہر ضروری اقدام کریں گے۔

اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعات کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔

انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر حملوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں