Advertisements

بنگلہ دیش میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پریکٹس کے دوران پاکستان کا جھنڈا نصب کرنے پر بنگلہ دیش میں بحث، اس اقدام کو سیاسی پیغام کہا جانے لگا

Hoisting of Pakistani flag during practice by Pakistani cricket team in Bangladesh
Advertisements

ڈھاکا (مانیٹرنگ ڈیسک/ بدھ، 17 نومبر 2021ء) بنگلہ دیش میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پریکٹس کے دوران پاکستان کا جھنڈا نصب کرنے پر بنگلہ دیش میں بحث شروع ہو گئی اور اس کو ایک سیاسی پیغام کہا جانے لگا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ٹیم گزشتہ چند مہینوں سے پریکٹس سیشن میں جھنڈا لگاتی رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا منیجر ابراہیم بادیس نے کہا کہ اس عمل کو ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے متعارف کروایا تھا۔ اس سے پہلے پاکستان کے انڈر سکسٹین اور انڈر نائنٹین ٹیموں کی پریکٹس کے دوران بھی پاکستان کا جھنڈا لگایا جا چکا ہے۔ ابراہیم بادیس کہتے ہیں کہ ثقلین مشتاق نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں جھنڈا لگا کر پریکٹس شروع کی۔ اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ایسا ہی کیا گیا۔

Advertisements

دوسری طرف برطانوی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر کئی ناقدین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں تاریخی تناؤ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پریکٹس کے دوران جھنڈا لگانے کا مقصد ایک "سیاسی پیغام” دینا ہے تاہم کئی لوگ کھیل کے ہی موڈ میں رہنا چاہتے ہیں۔ بہرحال پاکستان نے ایسا پہلی مرتبہ نہیں کیا ہے ستمبر میں نیوزی لینڈ کے پاکستان کے دورے میں بھی پریکٹس کے دوران فیلڈ میں پاکستان کا جھنڈا لگایا گیا تھا۔ ثقلین مشتاق نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کہا تھا کہ یہ ٹیم ملک کی نمائندگی کرتی ہے اور جھنڈے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ 22 کروڑ لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دوران فیلڈ یا پریکٹس میں جھنڈا لگانے سے متعلق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کوئی مخصوص قواعد و ضوابط نہیں ہیں۔ دنیا بھر میں میچوں کے دوران خاص کر دو طرفہ سیریز میں شریک ٹیموں کے ممالک کے جھنڈے بھی لہرائے جاتے ہیں۔ مقابلہ شروع ہونے سے پہلے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان میں کھڑے ہو کر اپنے اپنے ملک کا قومی ترانہ بھی گاتے ہیں۔

٢٠١٤ میں میرپور میں ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے شائقین پر سٹیڈیم میں غیر ملکی جھنڈے لے جانے کی پابندی لگا دی تھی۔ تاہم ایک دن کے بعد ہی عالمی میڈیا میں سخت تنقید کی وجہ سے یہ پابندی ختم کر دی گئی تھی۔