چنی گوٹھ سڑک کے کنارے کھڑے ہوئے ٹرک سے مالک اور ڈرائیور کی لاشیں برآمد

چنی گوٹھ (نامہ نگار)سڑک کے کنارے گزشتہ رات سے لاوارث کھڑے ہوئے ٹرک سے مالک اور ڈرائیور کی لاشیں برآمد، دونوں افراد کو تشدد اور فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ اطلاع ملنے پر موٹر وے پولیس اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال روانہ کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ ایک ٹرک چنی گوٹھ بائ پاس پر گزشتہ روز سے کھڑا تھا جو کہ ملتان سے ہائی جیک کیا گیا تھا۔ اسی کمپنی کے دوسرے ٹرک ڈرائیور نے ٹرک کو کھڑا دیکھ کر جا کر دیکھا تو ٹرک کے کیبن میں دو لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔ انہوں نے تھانہ چنی گوٹھ پولیس کو اطلاع دی۔ جس پر ایس ایچ او شبیر جھورڑ اور موٹر وے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا۔ انہوں نے لاشوں کو باہر نکالا تو ان شناخت حاجی لقمان ٹرک مالک اور ڈرائیور نوشاد سکنہ لوئر دیر کے نام سے ہوئی۔ ان فائرنگ اور تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔