چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایت سیل کی کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں پر ڈپٹی کمشنر آفس میں پرسنل ہیرنگز کا آغاز
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عائشہ خان نے درخواست گزاروں کی سماعت کی اور متعلقہ محکموں کو شکایات کے ازالے کے لیے ہدایات جاری کیں۔
بہاول پور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور عوامی مسائل کے فوری و شفاف حل کے وژن کے تحت چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایت سیل کی کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں پر ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور میں پرسنل ہیرنگز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایت سیل کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عائشہ خان نے درخواست گزاروں کی انفرادی سماعت کی اور متعلقہ محکموں کو شکایات کے فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈاکٹر عائشہ خان نے کہا کہ ہر درخواست کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر نمٹانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جبکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور کھلی کچہری میں موصول ہونے والی ہر درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہری کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل کو مجموعی طور پر 237 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 65ریونیو، 96 پولیس اور76 درخواستیں دیگر محکموں سے متعلق تھیں۔ سماعت کے بعد202 درخواست گزاروں کی شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے جبکہ 35 درخواستوں پرکارروائی جاری ہے۔
اے ڈی سی جنرل نے کہا کہ عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، جائز شکایات کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور تمام درخواستوں کی مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری میں موصول شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو واضح ٹائم لائن دے دی گئی ہے اور تمام محکموں کو باہمی رابطے کے ذریعے مقررہ وقت میں شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوامی مسائل کے فوری حل کا مؤثر ذریعہ ہیں اور ضلعی انتظامیہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

