اوچ شریف کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور اہم چوراہوں اور گزر گاہوں کی تزئین و آرائش کے اقدامات شہر کی خوبصورتی کو اجاگر کریں گے : ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق

سی پیک سے منسلک ہونے اور انٹرچینج کے قیام کے بعد اوچ شریف کی جغرافیائی و تجارتی اہمیت بڑھ چکی ہےڈپٹی کمشنر کا اوچ شریف کے دورے کے دوران میڈیا سے تبادلہ خیال
اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوچ شریف فرخ عدنان اورسینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا ہے کہ اوچ شریف کی تاریخی، روحانی اور جغرافیائی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور اہم چوراہوں اور گزر گاہوں کی تزئین و آرائش کے اقدامات شہر کی خوبصورتی کو اجاگر کریں گے۔ وہ گزشتہ روز اوچ شریف کے دورے کے دوران میڈیا سے تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوچ شریف فرخ عدنان اورسینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے کہا کہ سی پیک سے منسلک ہونے اور انٹرچینج کے قیام کے بعد اوچ شریف کی جغرافیائی و تجارتی اہمیت بڑھ چکی ہے، اسی تناظر میں شہر کی مرکزی خارجی و داخلی گزر گاہ للو والی پل اور مرکزی چوراہے الشمس چوک کی تزئین و آرائش وقت کا اہم تقاضا تھی، جسے میونسپل انتظامیہ نے نہایت کم وقت میں احسن طور پر پورا کیا۔ سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم نے ڈپٹی کمشنر کو شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر عمل درآمد اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ اوچ شریف دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے الشمس چوک پر واقع ماڈل ریڑھی بازار اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا.