ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق اور عثمان نجیب اویسی کا خیرپور ٹامیوالی اور عباس نگر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ

فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرہ افراد کے لیے خوراک، طبی سہولیات، مویشیوں کے لیے ونڈا سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں ڈپٹی کمشنر بہاولپور
بہاول پور: 30/اگست :ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور ایم این اے و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں محمد عثمان نجیب اویسی نے عباس نگر کے فلڈ بند بستی تارہ گڑھ، بستی بونگا رمضان خیرپور ٹامیوالی اور بستی لالا ڈیرہ ڈیرہ بکھا کے حفاظتی بندوں کا معائنہ کیا، انہوں نے دریائے ستلج کے کنارے فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ طیب سمیع خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر قرۃ العین، اسسٹنٹ کمشنر خیرپور ٹامیوالی شاہد اقبال، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے فلڈ ریلیف کیمپوں کے قیام اور حفاظتی اقدامات بارے تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بہاولپور میں مجموعی طور پر 27 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور تمام فلڈ ریلیف کیمپ سیلاب زدہ علاقوں سے باہر محفوظ مقامات پر قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرہ افراد کے لیے خوراک، طبی سہولیات، مویشیوں کے لیے ونڈا سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ادارے سیلاب سے نمٹنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اس لیے ممکنہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر یا حکومت پنجاب کی جانب سے بنائے گئے فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے فوری طور پر محفوظ مقامات پر یا فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سے چار روز سیلابی صورتحال کے حوالے سے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز سے نمٹا جا سکے۔