ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کا احمد پور شرقیہ کا دورہ شہر میں سیوریج کے کام پر پیش رفت کا جائزہ

احمد پور شرقیہ میں وینچنگ مشینوں کے دو سیٹ کام کر رہے ہیں جس سے سیوریج کے مسائل میں بتدریج کمی ہورہی ہے اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر
بہاول پور:2/جون: ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے عید الاضحی کے سلسلہ میں جھانگی والا روڈ پر قائم عارضی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ لائیو سٹاک، میونسپل کمیٹی، محکمہ صحت، ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے لگائے جانے والے کیمپوں کا دورہ کیا اور وہاں پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مویشی منڈی میں جانوروں اور عوام الناس کے لیے صاف پانی کی فراہمی، لائٹنگ، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کہ مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں اور بالخصوص سایہ دار جگہ کی فراہمی، ٹھنڈے اور صاف پانی کی دستیابی، جانوروں کے لیے ماہر حیوانات کی موجودگی اور ضروری ادویات کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم شدہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی اور جگہ پرجانوروں کی خرید وفروخت ممنوع ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ڈیجیٹل طریقہ کار اپنا کرمویشی پال حضرات کو نقلی کرنسی سے بچایا جائے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق احمد پور شرقیہ کا دورہ کیا اور شہر میں سیوریج کے کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے انہیں بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں وینچنگ مشینوں کے دو سیٹ کام کر رہے ہیں جس سے سیوریج کے مسائل میں بتدریج کمی ہورہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ سیوریج لائن کی مستقل صفائی اور پانی کے نکاس کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے احمد پور شرقیہ میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔