ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور کا احمد پور شرقیہ میں مفت آٹا ڈسٹریبیوشن پوائنٹس کا وزٹ

احمدپورشرقیہ ( نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے احمدپور شرقیہ شہر میں مفت آٹا تقسیم کے لئے قائم پوائنٹس کا اچانک دورہ کیاجہاں انہوں نے مفت آٹا تقسیم کے امور، مستحق افراد کو آٹا مفت تقسیم کرنے کے لیے قائم کاؤنٹرز اور وہاں پر تعینات عملہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ الماس ثاقب بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر نے مفت آٹا تقسیم پوائنٹس پر آنے والے افراد کے لئے بیٹھنے کے لئے کرسیاں اور سایہ کے لئے ٹینٹ کی سہولت کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مفت آٹا تقسیم پوائنٹس پر قائم میڈیکل سنٹرمیں طبی سہولیات کی فراہمی اور بزرگ و معذور افراد کے لیے قائم علیحدہ کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹا کی تقسیم کے تمام امور شفاف انداز میں کیے جائیں اور کم سے کم وقت میں زیادہ مستحق افراد میں آٹا تقسیم کیا جائے اور کسی کی عزت نفس کو مجروح نہ کیا جائے۔ انہوں نے اس مو قع پر لوگوں کی آٹا کی تقسیم کے متعلق شکایات سنیں اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پورشرقیہ کو فوری شکایات کے ازالے کا حکم دیا۔