ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کا دریائے ستلج کے سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والے علاقہ جات کا دورہ
![DC Bahawalpur visit to the areas affected by the floods of Sutlej River](https://dailynaps.com.pk/wp-content/uploads/2023/08/DC-Bahawalpur-visit-to-the-areas-affected-by-the-floods-of-Sutlej-River.jpg)
بہاول پور: 27/ اگست ( )ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے دریائے ستلج کے سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والے علاقہ جات کا دورہ کیا۔وہ ایمپریس برج بہاول پور، موضع ویسلاں، سمہ سٹہ اور سیلاب سے متاثرہ دیگر علاقہ جات میں گئے اور سیلابی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے ایمپریس برج اور موضع ویسلاں میں فلڈ بند کا بھی معائنہ کیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر ریسکیو 1122 باقر حسین اور متعلقہ اداروں کے افسران و سٹاف ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی جانب سے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقہ جات اور اس کے ارد گرد علاقوں میں موجود افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپس قائم ہیں جہاں متاثرین کے لئے قیام و طعام کے ساتھ ساتھ علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مال مویشیوں کے لئے لائیوسٹاک کیمپس بھی موجود ہیں جہاں مویشیوں کے لئے علاج کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ان کے لئے وافر مقدار میں چارہ بھی دستیاب ہے۔