پرنس بہاول عباس خان عباسی کا سابق صوبہ بہاولپور کی بحالی کی تحریک کی قیادت کا اعلان
ولی عہد بہاولپور کا تاریخی صادق گڑھ پیلس، ڈیرہ نواب صاحب میں قائم اپنے دفتر سے جاری ویڈیو بیان
ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی نے سابق صوبہ بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی کی تحریک کی قیادت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈیرہ نواب صاحب میں واقع تاریخی صادق گڑھ پیلس میں اپنے دفتر سے جاری کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں ولی عہد بہاول عباس خان عباسی نے کہا کہ بہاولپور کی سابق صوبائی حیثیت کی بحالی کی تحریک کی گہری تاریخی بنیادیں ہیں۔
ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی، امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے سابق ریاست و صوبہ بہاولپور کے تاریخی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ون یونٹ کے قیام کے وقت بہاولپور پاکستان کے ساتھ شامل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ون یونٹ کے خاتمے کے موقع پر سابق صوبہ بہاولپور کو بحال نہیں کیا گیا بلکہ اسے پنجاب میں شامل کر دیا گیا۔ ان کے مطابق اس صورت حال کے نتیجے میں بہاولپور صوبے کی بحالی کی تحریک شروع ہوئی، جس کی قیادت ان کے والد کے چچا شہزادہ مامون الرشید عباسی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک کے دوران شہزادہ مامون الرشید عباسی کو قید بھی کیا گیا جبکہ کئی افراد نے اپنی جانیں بھی قربان کیں۔
ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی نے مزید کہا کہ بعد ازاں ان کے والد، امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی نے سابق صوبہ بہاولپور کی بحالی کی تحریک کو دوبارہ منظم کیا، جسے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی دباؤ میں اضافے کے باعث بڑی سیاسی جماعتوں کو بھی بہاولپور صوبے کی بحالی کے مطالبے کی حمایت کرنا پڑی۔ نتیجتاً 2012ء میں پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی اور بعد ازاں قومی اسمبلی میں بھی بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے قرارداد منظور کی گئی۔
ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی کے مطابق اس سیاسی اتفاقِ رائے کے باوجود سابق صوبہ بہاولپور کو آج تک بحال نہیں کیا جا سکا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اب وہ بہاولپور کی سابق صوبائی حیثیت کی بحالی کی تحریک کی قیادت کریں گے اور اس دیرینہ مطالبے کے حصول کے لیے نئی جدوجہد کا آغاز کیا جائے گا۔
پرنس بہاول عباس خان کا صوبہ بہاولپور کی بحالی کی تحریک قیادت کے اعلان کی ویڈیو یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ فرمائیں


