ضلع بھر میں غیر قانونی گیس فلنگ اسٹیشنز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب ایل پی جی سلنڈرزکے خلاف کریک ڈاون

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پردرجنوں غیر قانونی ری فلنگ کاروباری مراکز پر سامان کو ضبط کر کے سربمہرکردیاگیا
بہاول پور: 3/ جولائی :ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، سیکرٹری آر ٹی اے،پولیس اور محکمہ سول ڈیفنس کی مشترکہ کارروائی کے تحت بہاول پور کی تمام تحصیلوں میں غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب ایل پی جی سلنڈرزکے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ کارروائی کے دوران گیس ری فلنگ مشینیں قبضہ میں لے کر دوکانیں سیل اور ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز کااندراج کرایا جارہا ہے تاکہ اس مذموم دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اس سلسلے میں احمدپور شرقیہ، مبارک پور، یزمان، خانقاہ شریف، لال سہانرا، خیرپورٹامیوالی، حاصل پوراوربہاول پور شہر میں غیر قانونی متعدد ری فلنگ اسٹیشنزکو سربمہر کیا گیا ہے اور ان پراستعمال ہونے والے آلات کوبھی قبضہ میں لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنربہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے گزشتہ روز ایک اجلاس میں ایل پی جی کی غیرقانونی ڈیکینٹنگ کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس کے تحت غیرقانونی ریفلنگ سٹیشنز اور ڈھابوں کیخلاف کارروائی شروع کی گئی ہے اور درجنوں غیر قانونی ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کے کاروباری مراکز پر سامان کو ضبط کر کے سربمہرکیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی گیس کے ری فلنگ پوائنٹس اور غیر قانونی طور پر قائم منی پٹرول پمپ کے خاتمے کے لیے متعلقہ افسران فیلڈ میں متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل ہے کہ کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی فوری اطلاع انتظامیہ کو دیں تاکہ قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔دریں اثنامحکمہ سول ڈیفنس کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضبط شدہ سلنڈرز کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔